یومِ سیدنا ابوبکر صدیقؓ پر سالانہ ملی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

یومِ سیدنا ابوبکر صدیقؓ پر سالانہ ملی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جامعہ مسجد دربار قادریہ میں جمیعت علمائے پاکستان (جے یو پی) کے زیر اہتمام سالانہ ملی یکجہتی کانفرنس یومِ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام اور معززینِ شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی گراں قدر ملی و دینی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ملک کے ممتاز عالمِ دین علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا کہ خلفائے راشدین خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی کامل تصویر تھے اور ان کا دور تاریخِ اسلام کا درخشندہ اور روشن باب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کا طرزِ حکمرانی اور ان کی تعلیمات رہتی دنیا تک امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ اور سرچشمۂ ہدایت ہیں۔علامہ ریاض کھرل نے زور دیا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہمیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے اکابرینِ امت کے اس اصول کو اپنانے پر زور دیا کہ نہ کسی کے عقیدے کو چھیڑو اور نہ اپنا عقیدہ چھوڑو، کیونکہ قومی اتحاد ہی کے ذریعے ہم اپنے تمام مسائل حل کر سکتے ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عزیز الحسن اعوان، پیر محمد صدیق الرحمن، احمد خالقی، علامہ رضا امین سیفی اور دیگر مقررین نے سیدنا حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دورِ خلافت کو تاریخِ اسلام کا روشن اور سنہرا باب قرار دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں