چناب نگر کے لنڈا بازار میں خریدار ناپید، دکاندار پریشان
چناب نگر (نامہ نگار )مہنگائی کے باعث لنڈا بازار میں خریداری کے رجحان میں اضافہ نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں دکاندار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
موسم میں تبدیلی اور سردی کی لہر آتے ہی کالج روڈ اور شہر کے دیگر مقامات پر واقع لنڈا بازار میں ہر سال خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آتا ہے ، جہاں گرم ملبوسات، جرسیوں، جیکٹس، جوتے اور گرم ٹوپیوں کے سٹالز سج جاتے ہیں۔تاہم رواں سال مہنگائی کے باعث لنڈا بازار میں خریداروں کی آمد غیر متوقع طور پر انتہائی کم رہی، جس پر دکانداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام سے لنڈا بازار سے خریداری کی قوت بھی چھین لی ہے ، کیونکہ لنڈے کے پرانے کپڑوں اور مارکیٹ میں دستیاب نئے گرم ملبوسات کی قیمتوں میں اب کوئی خاص فرق نہیں رہا۔ پہلے غریب طبقہ سردی سے بچاؤ کے لیے لنڈے کے گرم کپڑے خرید لیتا تھا، لیکن اب لنڈا بازار سے خریداری بھی مشکل ہو گئی ہے ۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ ماہِ دسمبر شروع ہونے کے باوجود خریداروں کی تعداد نہایت کم ہے ، جس کے باعث ان کے کاروبار پر منفی اثر پڑ رہا ہے اور لاکھوں روپے کے سرمایہ کے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔