نمبردار پولیس اور عوام میں مضبوط رابطے کا ذریعہ ہیں :سہیل اختر

 نمبردار پولیس اور عوام میں مضبوط رابطے کا ذریعہ ہیں :سہیل اختر

معاشرتی تحفظ، جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں:آر پی او

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن ہال میں ضلع فیصل آباد کے نمبردار وں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آپریشنز فرقان بلال اور ڈویژنل ایس پیز بھی موجود تھے ۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نمبردار معاشرے میں پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطے کا ذریعہ ہیں۔آر پی او فیصل آباد نے نمبردار وں کو ہدایت کی کہ وہ معاشرتی تحفظ، جرائم کی روک تھام اور بالخصوص منشیات کے خاتمے کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، نمبرداروں پر اپنے علاقے کے امن و امان اور نگرانی کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمبردار چھوٹے تنازعات اور پرانی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے مؤثر کردار ادا کریں تاکہ معمولی جھگڑے بڑے مسائل کی شکل اختیار نہ کریں، رات کے وقت نگرانی اور جرائم کے انسداد میں نمبردار وں کا کردار ناگزیر ہے ، بروقت اطلاع اور تعاون سے کئی جرائم کی روک تھام ممکن ہے ۔آر پی او فیصل آباد نے مزید کہا کہ نمبردار وں اور پولیس کا باہمی تعاون ہی ایک محفوظ، پرامن اور مستحکم معاشرے کی ضمانت ہے ،امید ہے نمبردار اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ نبھاتے ہوئے پولیس کا بھرپور ساتھ دیں گے اوراس کی بدولت فیصل آباد میں قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں