جڑانوالہ میں مضر صحت گوشت برآمد، قصابوں کو جرمانے عائد
معیاری اور صحت بخش اشیائے خور ونوش کی فراہمی اولین ترجیح : ڈاکٹر سہیل ندیم
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) عوامی شکایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل ندیم نے غلہ منڈی کا دورہ کیا، جہاں مہنگے داموں اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی۔کارروائی کے دوران متعدد قصابوں کو قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ تقریباً 30 کلو مضر صحت گوشت موقع پر ہی تلف کروا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق قصابوں کی جانب سے نہ صرف سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی بلکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کو بھی نظر انداز کیا گیا، جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سخت کارروائی کی۔اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل ندیم نے کہا کہ عوام کو معیاری اور صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔عوامی حلقوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف میسر ہو۔