ڈپٹی کمشنر جھنگ کا دورہ شورکوٹ ، ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ
شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے :علی اکبر بھنڈر
شورکوٹ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی امور، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا اور مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ انگلش میڈیم ہائی سکول شورکوٹ سٹی بھی پہنچ گئے۔ انہوں نے شورکوٹ میں قائم ریڑھی بازار کا بھی معائنہ کیا اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے فیلڈ میں نگرانی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کردیا اور باہو پارک میں صفائی ستھرائی کابھی جائزہ لیا ، عوامی آگاہی کے لیے قائم لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے شورکوٹ شہر میں نمایاں بہتری اور صفائی کے مثالی انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم صدف اکبر کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ ان کی متحرک قیادت، فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور عوام دوست اقدامات قابلِ تحسین ہیں ۔اس موقع پر اے ڈی سی آر جھنگ ڈاکٹر محمد امتیاز، اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم صدف اکبر، سی او میونسپل کمیٹی توصیف الرحمن اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔