ڈی جی زراعت کاجڑانوالہ میں گندم کے سٹاک کا جائزہ
میٹنگ میں کسان کارڈ فراہمی اور گرین زرعی سکیم فیز تھری کے آغاز کی منظوری
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب چودھری عبدالحمید نے جڑانوالہ کے دورہ میں گندم کے سٹاک کا جائزہ لیا اور محکمہ کے افسروں کیساتھ اہم میٹنگ کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت فیصل آباد ایم خالد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت رضوان عامر بھی ہمراہ د تھے ۔ محکمہ کے اجلاس میں جاری زرعی منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ آئندہ لائحہ عمل پر بھی سیر حاصل غور کیا گیا۔
انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتی پالیسیوں پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کسان کارڈ کی فراہمی اور گرین زرعی اسکیم فیز تھری کے آغاز کی منظوری بھی دی گئی۔ محکمہ زراعت کے مطابق صوبہ بھر میں اب تک 65 ہزار ایکڑ رقبے پر کسان کارڈ کے تحت کاشت مکمل کی جا چکی ہے جس سے کسانوں کو براہ راست ریلیف حاصل ہو رہا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد کسانوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی، زرعی پیداوار میں اضافہ اور جدید زرعی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے ۔