پولیس اہلکاروں کے بچوں کیلئے تعلیمی فیس میں رعایت، ایم او یو
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس فیصل آباد اور نجی کالج و سکول کھرڑیانوالہ کے درمیان پولیس افسران اور اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (MOU)طے پا گیا ۔
معاہدے پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور نجی کالج و سکول کھرڑیانوالہ کے ڈائریکٹر جواد اصغر نے دستخط کیے ۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد پولیس فورس کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ معاہدے کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو رجسٹریشن اور ٹیوشن فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، غازی پولیس افسروں کے بچوں کو رجسٹریشن اور ٹیوشن فیس میں 60 فیصد جبکہ حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ایم او یو کی بدولت پولیس ملازمین کے بچے بغیر کسی مالی دباؤ کے اس تعلیمی ادارے میں اپنا تعلیمی سفر مکمل کر سکیں گے ۔