واسا کی کارروائی، 2کالونیوں کے سیوریج کنکشن منقطع
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں جھنگ روڈ پر قائم دو ہاؤسنگ کالونیوں کے غیر قانونی سیوریج کنکشن منقطع کر دیے گئے ۔ذرائع کے مطابق ایم ڈی واسا نے تمام ہاؤسنگ کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کنکشنز کو ریگولر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جھنگ روڈ پر واقع دو پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کو ریگولرائزیشن کیلئے ڈیمانڈ نوٹس جاری کیے گئے ، تاہم مقررہ وقت میں واجبات جمع نہ کروائے گئے ۔بعد ازاں ریونیو ڈائریکٹوریٹ اور او اینڈ ایم ڈائریکٹوریٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ان دونوں پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف ایکشن لیا۔ سب انجینئر علی حسن اور دیگر عملے نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سیوریج کنکشن منقطع کر دئیے ، جس کی رپورٹ منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو پیش کر دی گئی۔اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ غیر قانونی کنکشن استعمال کرنے والی اور نادہندہ پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔