غیر قانونی کمرشلائزیشن ، مدینہ ٹاؤن میں 23 جائیدادیں سیل
بعض مالکان نے کمرشلائزیشن کی منظوری کے باوجود واجبات ادا نہیں کیے تھے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے 23 جائیدادوں کو سربمہر کر دیا، جہاں غیر قانونی طور پر دکانیں اور دیگر کاروباری سرگرمیاں قائم کی گئی تھیں۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیرِ نگرانی اور اسٹیٹ افسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف رہائشی کالونیوں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ مدینہ ٹاؤن میں بعض جائیدادوں میں بغیر اجازت دکانیں اور کاروباری تعمیرات قائم پائی گئیں۔
جبکہ بعض مالکان نے کمرشلائزیشن کی منظوری کے باوجود تشخیص شدہ واجبات ادا نہیں کیے تھے۔قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر متعلقہ دکانوں اور جائیدادوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دئیے گئے ہیں۔ سیل کی جانے والی جائیدادیں مدینہ ٹاؤن کے ڈبلیو، وائی، ایکس اور دیگر بلاکس میں واقع ہیں۔ایف ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ رہائشی جائیدادوں کو کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے قبل مقررہ قوانین کے تحت کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کرنا اور تمام واجبات جمع کرانا لازم ہے ۔