چنیوٹ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، مسائل حل کرنے کے احکامات
کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا،مقصد عوام سے رابطہ ہے :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے ایس پی انوسٹی گیشن آفس، ڈی ایس پی سٹی آفس اور تھانہ سٹی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے ساتھ رابطے میں رہنا اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور تمام پولیس سٹیشنز میں بہترین سروس ڈیلیوری کے لیے جدید نظام قائم کیا گیا ہے ، تاکہ عوام کو پولیس خدمات کا بہترین ماحول میسر ہو۔ شہریوں کی جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے ۔ ڈی پی او نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے قانون کی بالا دستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔