سوساں روڈ پر گرین بیلٹ پارک بن گئی، ملک پور روڈ کشادہ ہو گی

سوساں روڈ پر گرین بیلٹ پارک بن گئی، ملک پور روڈ کشادہ ہو گی

ملت روڈ پر سیوریج اور واٹر سپلائی کا میگا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ فیصل آباد نے فیضان مدینہ سوساں روڈ پر واقع گرین بیلٹ کو پارک میں تبدیل کرنے اور مین روڈ ملک پور کو کشادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس سے شہری سہولیات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔اس کے علاوہ ملت روڈ پر سیوریج اور واٹر سپلائی کا میگا پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، جس کی بدولت پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سے متعلق دیرینہ مسائل حل ہوں گے ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سوساں روڈ پر پارک کے قیام سے مدینہ ٹاؤن اور گرد و نواح کے رہائشیوں کو معیاری تفریحی سہولت میسر آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے گرین بیلٹ کو پارک میں تبدیل کرنے کے لیے ہارٹیکلچر اتھارٹی کو اہداف تفویض کرتے ہوئے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے ملت روڈ کا دورہ کر کے واسا کے جاری پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ شہر کی بڑی آبادیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے مین روڈ ملک پور کو کشادہ کرنے کے کام کا بھی فوری آغاز کرنے کی تاکید کی تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں