ایف ڈی اے کی فائر سیفٹی اقدامات کی مانیٹرنگ کیلئے ہدایات
بلڈنگ انسپکٹرز کو اپنے متعلقہ علاقوں میں متحرک اور فعال رہنے کے احکامات
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایات کی تعمیل میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں کثیر المنزلہ عمارات میں فائر سیفٹی اقدامات کو مسلسل چیک کیا جائے اور اس سلسلے میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس ڈپارٹمنٹ سے مضبوط رابطہ رکھا جائے ۔یہ ہدایات انہوں نے ایک اجلاس میں جاری کیں جس میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج اور سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ بلڈنگ انسپکٹرز کو اپنے متعلقہ علاقوں میں متحرک اور فعال رکھا جائے اور ملٹی سٹوری بلڈنگز، مارکیٹس، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، صنعتی یونٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پبلک دفاتر اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر کاروباری عمارتوں کا باقاعدہ معائنہ کیا جائے۔
ان معائنوں میں آگ سے بچاؤ کے آلات کی موجودگی، بجلی کی درست تنصیبات، ہنگامی صورت حال میں خارجی راستے ، اور ممکنہ خطرات یا حادثات کی روک تھام کے اقدامات شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ فائر سیفٹی اقدامات میں کمی یا خامی کے بارے میں ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس حکام کو فوری مطلع کیا جائے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے افسران سے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کریں اور انسپکشن رپورٹس روزانہ حاصل کی جائیں تاکہ عمارتوں میں خدانخواستہ آگ یا دیگر حادثات سے پیشگی بچاؤ ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور اشتراک عمل لازمی ہے ۔