واٹر سپلائی اور سیوریج منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کا ملت روڈ کا دورہ ،شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا: ندیم ناصر
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے واسا کے جاری سیوریج اور واٹر سپلائی کے تعمیراتی کام کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ملت روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن بھی موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ملت روڈ پر واٹر سپلائی اور سیوریج مسائل کے حل کے منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری اس منصوبے کی تکمیل کے بعد وسیع آبادیوں کو جدید اور بہتر شہری سہولیات میسر آئیں گی۔