سمن آباد جنرل ہسپتال، ناقص صفائی پرٹھیکیدار پر جرمانہ
کمشنر کی ہسپتال انتظامیہ کو تمام وارڈز اور برآمدوں کی جامع واشنگ کی ہدایت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے دورے کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کر دی۔کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو تمام وارڈز اور برآمدوں کی جامع واشنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واش رومز صفائی کے حوالے سے معیاری ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ادویات کی ہسپتال سے فراہمی کی تصدیق بھی کی۔
اس موقع پر کمشنر نے ادویات کے سٹور میں میڈیسن کی دستیابی اور ریکارڈ چیک کیا جبکہ ہسپتال میں نصب مشینری کے فعال ہونے کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بلڈ بینک، لیبارٹری اور دیگر تشخیصی یونٹس کا بھی دورہ کیا۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ ہسپتالوں کی انسپکشن کا مقصد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں طبی امور کو ہمہ وقت چوکس رکھنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، جن پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔