گیس کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ، شہری مشکلات کا شکار، لکڑی ، کوئلہ مزید مہنگے
موسم سرما میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ جاتا ہے ،متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے ،عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے :شہری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں سوئی گیس کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے ، جس سے شہریوں کو گھریلو امور انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو نہ صرف کھانے پکانے میں دشواری پیش آ رہی ہے بلکہ ناجائز منافع خور اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لکڑی، کوئلہ اور ایل پی جی سمیت دیگر متبادل ایندھن کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کر رہے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ ہر سال موسم سرما میں فیصل آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں گیس کی طویل بندش اور بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے ، جس کی وجہ سے عوام کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ سوئی گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ کے مسائل کو جڑ سے حل کیا جائے اور عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔