مہنگائی کی پرواز برقرار، گوشت، دالیں، پھل اور انڈے بے قابو

مہنگائی کی پرواز برقرار، گوشت، دالیں، پھل اور انڈے بے قابو

چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر شہر اور اس کے گرد و نواح میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

گوشت، دالیں، پھل اور فارمی مرغی کے انڈے عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ دن بدن بڑھتی مہنگائی نے غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔شہر بھر میں مہنگائی کے وار مسلسل جاری ہیں۔ پھل، دالیں اور فارمی مرغی کے انڈے اس قدر مہنگے ہو چکے ہیں کہ متوسط طبقہ بھی دو وقت کی روٹی کمانے سے محروم نظر آتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔بازاروں میں بڑے گوشت کی قیمت 1200 روپے فی کلو، برائلر مرغی 700 روپے فی کلو جبکہ فی فارمی انڈا 40 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔

اسی طرح سیب 400 روپے فی کلو، دال ماش، دال چنا اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی 10 سے 15 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ بھی من مانے نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی خاموشی نے گراں فروشوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔ دوسری جانب دکانداروں کا موقف ہے کہ منڈیوں سے پھل اور سبزیاں مہنگے داموں ملنے کے باعث وہ قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی اور گراں فروشی کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں