ماموں کانجن :کروڑوں مالیتی 211 کنال سرکاری اراضی واگزار

ماموں کانجن :کروڑوں مالیتی 211 کنال سرکاری اراضی واگزار

مافیا کا 65 سال سے ناجائز قبضہ ختم، فصل بھی سرکاری کنٹرول میں لے لی گئی

ماموں کانجن(نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالا نے ماموں کانجن میں کارروائی کرتے ہوئے 20 کروڑ روپے مالیت کی 211 کنال سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا دی۔ بااثر افراد گزشتہ 65 سال سے مذکورہ اراضی پر ناجائز قابض تھے ۔تفصیلات کے مطابق ماموں کانجن کے نواحی گاؤں 502 گ ب میں بااثر افراد نے گاؤں کی چراگاہ کے 211 کنال رقبہ پر گزشتہ 65 سال سے قبضہ کر رکھا تھا۔ اس سے قبل کئی بار ڈی سی فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالا کے احکامات پر اراضی واگزار کروائی گئی لیکن بعد ازاں دوبارہ قبضہ کر لیا جاتا رہا۔

گزشتہ روز حلقہ گرداور قطب نثار اور حلقہ پٹواری نے اے ڈی سی آر فیصل آباد کے تحریری آرڈر پر موقع پر جاکر کروڑوں روپے مالیت کی 211 کنال اراضی واگزار کر کے سرکاری قبضے میں لے لی۔ چار ایکڑ رقبہ پر کاشت مکئی کی فصل گاؤں کے نمبردار کی سپرداری میں دے دی گئی۔ واگزار رقبے کی قیمت کم و بیش 20 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالا اقصی امتیاز نے کہا کہ جہاں جہاں قبضہ مافیا جعلسازی کے ذریعے سرکاری اراضی پر قابض ہیں، ان سب سے اراضی واگزار کرائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں