بھکر: انسدادِ پولیو مہم کے مؤثر انعقاد کیلئے اجلاس، حکمت عملی تیار
بھکر: انسدادِ پولیو مہم کے مؤثر انعقاد کیلئے اجلاس، حکمت عملی تیارمہم کے دوران ترجیحی اور ہائی رسک آبادیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر )آئندہ انسدادِ پولیو مہم 2 تا 5 فروری کے مؤثر انعقاد کے حوالے سے ایک تفصیلی اجلاس ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں پولیو مہم کی تیاریوں، انتظامی اقدامات اور فیلڈ سطح کی حکمتِ عملی کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو، سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر آصف، فوکل پرسن برائے ترجیحی آبادی نعیمہ خان جبکہ ترجیحی کمیونٹیز دوتانی، سلمان خیل اور بنگش قبائل کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران ترجیحی اور ہائی رسک آبادیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے ۔
کمیونٹی نمائندگان نے پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ، سکیورٹی انتظامات اور آگاہی مہم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے ویکسین کی دستیابی، تربیت یافتہ عملہ اور کولڈ چین کے انتظامات مکمل ہیں، جبکہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر آصف نے تکنیکی معاونت اور نگرانی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 2 تا 5 فروری جاری رہنے والی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمے ، کمیونٹیز اور شراکت دار باہمی تعاون سے کام کریں گے تاکہ ضلع بھکر کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنایا جا سکے ۔