حکومت کے نزدیک شہری نہیں بسنت اہم :جماعت اسلامی

 حکومت کے نزدیک شہری نہیں بسنت اہم :جماعت اسلامی

کھلے گٹر میں ماں کی کمسن بیٹی سمیت موت انتہائی افسوسناک ہے :محبوب الزماں و دیگر

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی فیصل آباد کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، میاں انوار الحق ایڈووکیٹ اور میاں طاہر ایوب نے لاہور میں کھلے گٹر میں گر کر ماں کی کمسن بیٹی سمیت موت پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سڑکیں، گلیاں اور بازار موت کے پھندوں میں تبدیل ہو چکے مگر حکمران طبقہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے بسنت جیسے خونی کھیل کی تیاریوں میں مصروف ہے ۔ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ جہاں شہری کھلے مین ہولز میں گر کر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں وہاں حکومت تفریح اور تماشوں کے نام پر ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کی تاریخ خون، حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بھری پڑی ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت کے نزدیک شہریوں کی زندگیاں کم قیمت اور بسنت زیادہ اہم ہے ۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ۔ یہ دلخراش واقعہ محض حادثہ نہیں بلکہ ناقص حکمرانی، عدم نگرانی اور عوامی جانوں کو بے وقعت سمجھنے کا نتیجہ ہے ، متعلقہ ادارے صرف بیانات اور فائلوں تک محدود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بسنت جیسے خونی کھیل کی سرپرستی بند کی جائے ، شہر بھر میں کھلے گٹروں کو فوری طور پر بند کر کے شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں