آرپی او فیصل آباد کا دورہ چنیوٹ ، پولیس خدمت مرکز کا افتتاح
سہیل اختر سکھیرا ،ڈی پی او اور دیگر افسروں کی یونیورسٹی کے سیمینار میں شرکت
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کا ضلع چنیوٹ کا دورہ ، طلبہ میں ٹریفک قوانین، منشیات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔سیمینار میں ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف، ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، دیگر پولیس افسروں ، یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آرپی او سہیل اختر سکھیرا، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف اور ڈی سی میڈم عائشہ رضوان نے شرکاء سے خطاب کیا۔
بعدازاں آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے چنیوٹ شہر میں لاہور روڈ پر شہید جونیئر ٹریفک وارڈن ظفر عباس کے نام سے منسوب نئے پولیس خدمت مرکز کا افتتاح کیا ،انہوں نے تھانہ چناب نگر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے اور فوری دادرسی کے احکامات جاری کئے ۔آرپی او نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے ساتھ رابطے میں رہنا اور ان کے مسائل کی دہلیز پر فوری حل فراہم کرنا ہے ۔بعد ازاں آرپی او نے پولیس افسر وں سے میٹنگ کی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔