ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور نظم و ضبط کو اولین ترجیح دی جائے :سی ٹی او
تجاوزات اور حادثات کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں:ناصر جاوید رانا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے تمام سرکل آفیسرز اور سیکٹر انچارجز کے ساتھ اہم میٹنگ میں کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک کے بہتر بہاؤ اور نظم و ضبط کو اولین ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے مزید متحرک اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی چوک میں گداگروں کی موجودگی برداشت نہ کی جائے ، سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے اور ہر ٹریفک سرکل کو مثالی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پیز ٹریفک رش کے اوقات میں اپنے ایریاز میں موجود رہیں ، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے تمام ٹریفک سٹاف کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، ون وائیلیشن سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے متعلقہ سٹاف متحرک رہیں، اپنی ڈیوٹی پوزیشنز چوکوں میں رکھیں اور بیٹ آفیسرز اپنے ایریاز میں گشت بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مین روڈز کے علاوہ سروس روڈز کو بھی کلیئر رکھا جائے اور 1915 ہیلپ لائن اور واٹس ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے ۔ سی ٹی او نے تاکید کی کہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے سیفٹی وائیرز لگوائے جائیں۔