مسنگ مین ہولز کور کرنے کیلئے واسا متحرک : آج کی چھٹی منسوخ
فیلڈ ڈیوٹیاں لازمی، غیر حاضری پر سخت کارروائی کا انتباہ،گزشتہ سال 8ہزار سے زائد مسنگ مین ہولز ،جنوری میں 791مین ہولز بند کئے :ایم ڈی واسا ثاقب رضا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) ایم ڈی واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر آپریشنز اور ڈرینج سٹاف کی اتوار کی چھٹی منسوخ ،مسنگ مین ہولز کو کور کرنے اور ٹوٹے سلیبز کی بحالی کا کام بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا ہے کہ آج یکم فروری بروز اتوارکو آپریشنز اور ڈرینج سٹاف چھٹی نہیں کرے گا بلکہ فیلڈ میں فرائض سرانجام دے گا۔ تمام افسر اور سٹاف معمول کے مطابق ڈیوٹی پر حاضر ہوں گے اور متعلقہ علاقوں کے فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسنگ مین ہولز کی فوری مرمت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی،غیر حاضری یا غفلت برتنے پرسخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کہا ہے کہ گزشتہ سال یکم جنوری 2025ء سے لے کر 31 دسمبر 2025ء تک 8 ہزار 554 مسنگ مین ہولز کو مقررہ ٹائم فریم کے مطابق کور کیا گیا جبکہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مزید 791 مین ہولز بند کئے گئے ،مین سڑکوں اور ملحقہ روڈز کے برساتی نالوں کی ٹوٹ پھوٹ کے شکار 1300 سلیب تبدیل کرتے ہوئے 4200 فٹ ایریا پہلے ہی کور کیا جا چکا ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، مسنگ مین ہولز کو جنگی بنیادوں پر کور کیا جا رہا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا فیصل آباد کے مابین مکمل ہم آہنگی کے ساتھ مختلف ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں ،مین ہولز کی چوری کے واقعات پر ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درجنوں درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دی جا چکیں جن میں سے بعض پر مقدمات درج کرکے کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے ،مین ہولز کی چوری میں ملوث نشئی اور خانہ بدوش عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔