پینسرہ:کار سوار ڈاکوؤں کی وارداتیں بڑھ گئیں، خوف و ہراس
سفید کار سوار چار سے پانچ افراد پر مشتمل گروہ وارداتیں کرنے میں مصروف
پینسرہ (نمائندہ دنیا )تھانہ ٹھیکریوالا اور تھانہ ایئرپورٹ کے علاقوں میں کار سوار ڈاکوؤں کی وارداتیں تیزی سے بڑھ گئی ہیں اور آئے روز شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سفید کار سوار چار سے پانچ افراد پر مشتمل گروہ صبح سویرے یا رات کے اوقات میں دھاوا بول کر وارداتیں کرتا ہے اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو جاتا ہے ۔گزشتہ روز اس گروہ نے رانا ٹی سٹال کے قریب ایک شہری سے ایل سی ڈی، سگریٹ اور نقدی چھین لی، جبکہ صبح سویرے حنیف ٹی اسٹال کے مقام سے بھی ایل سی ڈی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔
اسی گروہ نے چک نمبر 64 ج ب میں واقع ایک ویونگ فیکٹری کے باہر گن پوائنٹ پر سفید کرولا میں آ کر سات لاکھ روپے کا کپڑا لوٹنے کا واقعہ بھی انجام دیا۔مزید برآں، نیو سبز منڈی کے قریب ٹی سٹال اور مذہب ٹیل ٹال کے مقام سے بھی اسی طرح نقدی، ایل سی ڈی اور دیگر سامان چھین کر فرار ہو جانے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق دو راتوں میں چار کارروائیاں انہی ڈاکوؤں نے کیں، جو نہ صرف مالی نقصان کا باعث بن رہی ہیں بلکہ عوام کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔علاقہ مکینوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ کار سوار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے ۔