کھلے مین ہول ،پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کو 2 روزہ الٹی میٹم
دو روز بعد کھلا مین ہول ہو نے پر این او سی منسوخ کر دیا جائے گا:ایم ڈی واسا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر شہر میں قائم تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ کالونی مالکان سیوریج سسٹم کو بہتر بنائیں اور تمام مین ہولز کے کور کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ایم ڈی واسا کے مطابق نوٹسز میں دو روز کی مہلت دی گئی ہے ، جس کے دوران کسی بھی پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونی میں سیوریج لائن کا کوئی مین ہول کھلا یا غائب نہیں ہونا چاہیے ، جبکہ روڈ سائیڈ ڈرینز کی کوئی سلیب ٹوٹی ہوئی نظر نہیں آنی چاہیے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ دو روز بعد کھلا مین ہول پائے جانے کی صورت میں متعلقہ پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونی کو سیل کر کے اس کا این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔ثاقب رضا نے مزید بتایا کہ پی ایچ ایس ڈیپارٹمنٹ پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں میں بننے والے تالابوں اور جوہڑوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرے گا، جبکہ ان کے خاتمے کے لیے کالونی مالکان سے رابطہ کر کے ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔