چک نمبر 67 سدھار:کھلے مین ہولز پھر سنگین خطرہ
کھلے مین ہولز پر محفوظ ڈھکن اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں : شہری
پینسرہ (نمائندہ دنیا )چک نمبر 67 ج ب سدھار، محلہ ملک آباد میں نکاسی آب کے متعدد مین ہولز ابھی بھی کھلے پڑے ہیں اور ان پر ڈھککن موجود نہیں، جس سے گزرنے والے شہری، خاص طور پر بچے اور بزرگ سنگین خطرات سے دوچار ہیں۔رہائشیوں نے بتایا کہ ان کھلے گٹرز کی وجہ سے کسی بھی وقت حادثہ پیش آ سکتا ہے ، کیونکہ حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث راستے ہر لمحے خطرناک ہیں۔
چند روز قبل اسی خطرناک صورتحال کے باعث ایک دو سالہ بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی، جو علاقے کے شہریوں میں شدید تشویش کا باعث بنی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تمام کھلے مین ہولز پر محفوظ ڈھکن اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی اور بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ رہائشی انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ خطرناک گڑھوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور انہیں محفوظ بنانے کے انتظامات کیے جائیں، تاکہ شہری زندگیوں کو لاحق خطرات کم ہوں۔