جڑانوالہ میں نالے پر حفاظتی سلیب کی تنصیب کا کام شروع
نالہ کھلا ہونے کی وجہ سے شہریوں، خصوصا بچوں کیلئے حادثات کا خدشہ تھا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر کی ہدایت پر شہریوں کی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر کی زیر نگرانی جڑانوالہ فیصل آباد روڈ پر نالے کے اوپر حفاظتی سلیب ڈالنے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے ۔مذکورہ نالہ کھلا ہونے کی وجہ سے شہریوں، خصوصاً بچوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے حادثات کا خدشہ موجود تھا۔ عوامی شکایات اور حفاظتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے نالے کو ڈھانپنے اور سلیب کی تنصیب کا کام شروع کروا دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور شہر میں جہاں کہیں بھی حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہو گی وہاں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے بتایا کہ کام کو معیاری اور پائیدار بنانے کے لیے تمام تکنیکی پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو طویل المدتی سہولت فراہم کی جا سکے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ شہر میں ترقیاتی اور حفاظتی منصوبوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔