فائر سیفٹی چیکنگ جاری، مارٹ انتظامیہ کو 2 روز کی مہلت
کمشنر فیصل آباد نے شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں جا کر آلات کی دستیابی چیک کی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر بلند و بالا عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ پڑتال کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے شیخوپورہ روڈ پر واقع بڑے مارٹ کا دورہ کیا۔کمشنر فیصل آباد نے شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں جا کر آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی، ان کی تاریخِ تنسیخ اور فعال ہونے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شاپنگ مال میں ہنگامی راستے موجود نہ ہونے پر انتظامیہ کو دو روز کے اندر ضروری اقدامات مکمل کرنے کی سخت ہدایت کی۔
کمشنر نے مال میں تاحال موک ایکسرسائز نہ کرانے اور موقع پر موجود سٹاف سے تصدیق کے بعد انتظامیہ کو کڑی وارننگ جاری کی، جبکہ سٹاف کو حفاظتی انتظامات سے آگاہی کے لیے فوری طور پر موک ایکسرسائز کرانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور آگ بجھانے والے تمام آلات فعال جبکہ واٹر سپرنکلنگ سسٹم مکمل طور پر فنکشنل ہونا چاہیے ۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ شہر بھر کی ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی اقدامات کو اے کیٹیگری میں لایا جا رہا ہے ، جہاں تمام حفاظتی آلات فعال، ایمرجنسی ایگزٹ سمیت دیگر انتظامات سو فیصد مکمل ہوں۔