مسنگ مین ہولز اور سلیبز پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے مین ہولز کور کرنے کیلئے 3 دن کی آخری مہلت دیدی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے مسنگ مین ہولز اور سلیبز کو کور کرنے کے لیے تین دن کی آخری مہلت دی ہے ، جبکہ آئندہ ہفتے سے کسی بھی جگہ مین ہول یا سلیبز مسنگ ہونے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔واسا ہیڈ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، کمرشل پلازوں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات کے سامنے کسی بھی قسم کے مین ہول یا سلیبز مسنگ نہیں ہونے چاہیے ، اس لیے چھٹیوں کے دوران بھی کام جاری رہنا لازمی ہے ۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ مسنگ مین ہولز اور سلیبز کور کرتے ہوئے تصویری ثبوت لازمی ریکارڈ کیے جائیں۔
چہری بازار سمیت ملحقہ آٹھوں بازاروں میں رات 9 بجے تک مشینری اور سٹاف موجود ہونا چاہیے ، اور سٹاف کی دو شفٹوں میں ڈیوٹی لگائی جائے ۔انہوں نے چینل ون کی ڈی سلٹنگ جاری رکھنے ، پچھلے حصے کی سلیبز رکھنے اور اگلے حصے سے ڈی سلٹنگ مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ اوور فلو کے حوالے سے شکایات حل ہونے کے بعد دوبارہ نہ آنے دی جائیں، جبکہ پونڈنگ پوائنٹس پر ڈی واٹرنگ سیٹس لگا کر پانی ختم کروایا جائے اور پونڈنگ پوائنٹس کو بیرئیر لگا کر آئسولیٹ کرنا لازمی ہوگا۔