5 فروری : ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

5 فروری : ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی

سکولوں کے بچوں نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے ،بھارتی مظالم کی مؤثر عکاسی کی گئی

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ اور ڈی پی او فضل عباس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کیے ، جن کے ذریعے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی مؤثر عکاسی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او فضل عباس نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہیں، کشمیری عوام اکیلے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر زمین پر جنت ہے مگر آج اسے ظلم و جبر کی علامت بنا دیا گیا ہے۔

کشمیری عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، دیگر ضلعی افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان، بار ایسوسی ایشن کے صدر و عہدیداران، سول سوسائٹی کے ارکان، میڈیا نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ سمیت سرکاری افسروں ، طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے لگائے گئے اور فضا پرجوش رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں