جھنگ: ضلعی انتظامیہ کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی
شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، کشمیر کی آ زادی کے نعرے
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کے سلسلے میں ضلع کونسل میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کی، جبکہ سابق ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، محکمہ تعلیم، ہیلتھ، لائیو سٹاک، ماحولیات، سول ڈیفنس، میڈیا نمائندگان، این جی اوز کے نمائندگان، شہری، طلبا، پولیس و سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔ریلی ضلع کونسل سے شروع ہو کر کچہری چوک تک اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے اور فلک شگاف نعروں کے ذریعے کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے آواز بلند کی گئی۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 5 فروری عالمی برادری کو یاد دلاتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔مزید برآں، دیگر تحصیلوں میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر قیادت ریلیاں منعقد کی گئیں۔