ویسٹ کلیکشن پوائنٹس نہ صاف کرنے پر ٹھیکیداروں کو جرمانے کا حکم
شاہرات اور گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیر ہرگز نظر نہیں آنے چاہئیں:ڈپٹی کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کو بروقت کلیئر نہ کرنے کی صورت میں ستھرا پنجاب کے ٹھیکیداروں پر فی پوائنٹ 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے اور غفلت برتنے والے مانیٹرنگ آفیسرز کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور ضلع بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شاہرات اور گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیر ہرگز نظر نہیں آنے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل منیجرز اور مانیٹرنگ آفیسرز کی کارکردگی کی جانچ ہر تین ماہ بعد اسسٹنٹ کمشنرز خود کرنے ، غفلت برتنے والے فیلڈ سٹاف کو فوری طور پر فارغ کرنے اور اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ سروے کر کے تصاویر کے ذریعے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔