بلا تفریق عوامی خدمت پی پی کا بنیادی منشور ، ناصر شاہ

بلا تفریق عوامی خدمت پی پی کا بنیادی منشور ، ناصر شاہ

اقلیتی برادری کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل وزیربلدیات سے ٹاؤن و سٹی کونسلرز پر مشتمل اقلیتی وفد کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے اور بلا تفریق عوامی خدمت پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن و سٹی کونسلرز پر مشتمل اقلیتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت پی پی مینارٹی ونگ سندھ کے صدر لال چند اوکرانی نے کی جبکہ میئر سکھر ارسلان شیخ اور رکن صوبائی اسمبلی آصف موسیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں اقلیتی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل خصوصاً پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری، سڑکوں و گلیوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور ٹاؤن چیئرمینوں کی جانب سے تعاون میں کمی کی شکایات بھی پیش کیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی سطح پر اقلیتی کونسلرز کو بااختیار بنایا جائے اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔ صوبائی وزیر نے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹاؤن چیئرمینوں کو موقع پر ٹیلیفونک ہدایات جاری کیں اور واضح کیا کہ ترقیاتی اسکیموں میں اقلیتی آبادی والے علاقوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کونسلرز اپنے علاقوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کی ترجیحی فہرست محکمہ بلدیات کو فراہم کریں تاکہ مرحلہ وار بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں