پورٹس سے نکلنے والی گاڑیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ

پورٹس سے نکلنے والی گاڑیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ

خلاف ورزی کی نشاندہی اور جرمانے کا عمل شفاف ہوگا،وفاقی وزیر بحری امور جنید انوارسے گڈزٹرانسپورٹرز کی ملاقات،اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کا مطالبہ

کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری سے ملاقات کرکے کراچی کی بندرگاہوں سے اندرونِ ملک جانے والی اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا ۔ وفد نے موقف اختیار کیا کہ اوورلوڈنگ نہ صرف قومی شاہراہوں اور انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ ٹریفک حادثات میں اضافے کا بھی بڑا سبب بن رہی ہے ۔ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے نشاندہی کی کہ کراچی کی دونوں بڑی بندرگاہوں سے روانہ ہونے والی بعض گاڑیاں مقررہ وزن سے زیادہ کارگو لے کر ملک کے مختلف حصوں کو روانہ ہوتی ہیں جس سے سڑکوں کی قبل از وقت ٹوٹ پھوٹ، پلوں کو نقصان اور جانی و مالی حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بندرگاہوں کے گیٹس پر ویٹ چیکنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور جدید وی بریج سسٹم کے ذریعے وزن کی درست جانچ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایکسل لوڈ کمپلائنس قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا تاکہ اوورلوڈنگ کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو۔ وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں سے نکلنے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا تاکہ خلاف ورزی کی نشاندہی اور جرمانے کا عمل شفاف ہو۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں