کمالیہ ریلوے سٹیشن بنیادی سہولیات سے محروم، نا قص صفائی

کمالیہ ریلوے سٹیشن بنیادی سہولیات سے محروم، نا قص صفائی

بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،حکام سے نو ٹس کا مطالبہ

کمالیہ (نمائندہ دنیا )تحصیل کمالیہ کے واحد قدیمی ریلوے اسٹیشن پر بنیادی سفری سہولیات کی شدید کمی کے باعث مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔ اسٹیشن کی عمارت خستہ حال، پلیٹ فارم پر صفائی اور نظم و ضبط کا فقدان، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، ناکارہ واش رومز اور بیٹھنے کی ناکافی سہولتیں شہریوں کے لیے سنگین مسائل پیدا کر رہی ہیں۔بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کو گرمی و سردی کے موسم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ریلوے حکام کی عدم توجہی کے باعث اسٹیشن عملی طور پر غیر فعال ہوتا جا رہا ہے، اور رات کے آخری پہر چلنے والی واحد ٹرین بھی مسافروں کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں ہو رہی، کیونکہ اس کے اوقات عام شہریوں کی ضروریات سے مطابقت نہیں رکھتے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے سٹیشن کی فوری مرمت کی جائے ، پینے کا صاف پانی، روشنی، صفائی اور مسافروں کیلئے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ ٹرینوں کی تعداد اور اوقات میں بھی بہتری لائی جائے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور ریلوے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کمالیہ کے واحد ریلوے سٹیشن کی بحالی کو ترجیح دی جائے تاکہ لاکھوں شہری ایک بار پھر سستی، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں