گرانفروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآ مد جاری

 گرانفروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآ مد جاری

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ،جرمانوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پرائس کنٹرول اقدامات مزید تیز کر دئیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ نظام فعال کر دیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں ان کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری کارروائیوں، چیکنگ مہم اور خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی دکاندار کو زائد نرخ وصول کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں، بازاروں اور سہولت بازاروں میں چیکنگ سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں اور سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں