ایف ڈی اے : 284 رہائشی پلاٹس اقساط پر فروخت ہونگے
خواہشمند افراد سے جلد آن لائن درخواست فارم لئے جائینگے : اجلاس میں فیصلہ
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے 284 رہائشی پلاٹس کی قرعہ اندازی کے ذریعے چار سالہ آسان اقساط پر فروخت کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام شرائط و ضوابط کو فوری حتمی شکل دینے کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں متعلقہ قوانین اور سرکاری پالیسی کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے ۔یہ ہدایات ایک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں پلاٹس کی فروخت اور قرعہ اندازی کے قواعد و ضوابط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں اور عاصم محمود سمیت دیگر افسران شریک تھے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ کے مختلف بلاکس میں واقع ایک کنال کے 189 اور دس مرلہ کے 95 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے چار سالہ آسان اقساط پر فروخت کیے جائیں گے۔
اس مقصد کے لیے خواہش مند افراد سے جلد آن لائن درخواست فارم وصول کیے جائیں گے ، جبکہ اس عمل کے لیے ایک منتخب بینک کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔فیصلہ کیا گیا کہ ایک کنال اور دس مرلہ کے پلاٹس کے لیے درخواست فارم 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔ درخواست گزار کو ایک کنال کے پلاٹ کے لیے پانچ لاکھ روپے اور دس مرلہ کے لیے اڑھائی لاکھ روپے بطور زرِ بیعانہ جمع کرانا ہوں گے ۔ پلاٹ کی قیمت پانچ لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کی گئی ہے ، جبکہ قرعہ اندازی میں کامیاب امیدواروں کو پلاٹ کی مجموعی قیمت کا 25 فیصد بطور ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانا ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ درخواست فارم کی وصولی اور قرعہ اندازی کے تمام مراحل کو مکمل شفاف بنانے کے لیے جدید تکنیکی اور فنی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پورا نظام سادہ اور عام فہم بنایا جائے ۔