فشریز ہاربر پر دباؤ کم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات تیز

 فشریز ہاربر پر دباؤ کم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات تیز

صوبائی وزیر علی ملکانی کی زیرِ صدارت بورڈ اجلاس، ماسٹر پلان کی منظوری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فشریز ہاربر اتھارٹی کی سمندری حدود محدود ہونے کے باعث ماہی گیروں کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر سندھ حکومت ہاربر پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کیلئے اپنی پالیسی کے تحت اقدامات تیز کر رہی ہے ۔ یہ بات صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں فشریز و لائیو اسٹاک کے پارلیمانی سیکریٹری ایم پی اے آصف خان، سیکریٹری لائیو اسٹاک و فشریز ڈاکٹر کاظم ، ایم ڈی کراچی فشریز ہاربرزاہد کھیمٹیونے شرکت کی۔بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اٹھایا جانے والا ہر قدم ماسٹر پلان کی ضروریات اور یورپی یونین کی پالیسی کے مطابق ہوگا۔

کمرشل امور، اتھارٹی ملازمین کی پروموشن، تنخواہوں میں اضافے اور نئی تقرریوں سمیت تمام معاملات سندھ حکومت کی پالیسی اور سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ قانون سندھ کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے ۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی آئندہ دو ماہ کے اندر اپنے علیحدہ بجلی کے میٹرز حاصل کرے گی۔اس موقع پر علی ملکانی نے ماہی گیروں کے کریو کارڈز کی رجسٹریشن سمیت کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی کے تمام ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آئی ٹی کمپنی کو آکشن کے ذریعے ہائر کر کے مکمل کمپیوٹرائزیشن کی منظوری بھی دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں