بینظیر ہیومن ریسورسز بورڈ کا اجلاس، کارکردگی کا جائزہ
پانچ لاکھ نوجوان رجسٹرڈ، چار لاکھ بائیس ہزار سے زائد تربیت مکمل کرچکے روزگار کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسماعیل راہو
کراچی(سٹی ڈیسک)صوبائی وزیر جامعات و بورڈز اسماعیل راہو کی زیر صدارت بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین تمیز الدین کھیڑو، سیکریٹری منور علی مٹھانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ کی کارکردگی اور جاری پروگرامز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ یہ ادارہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے ۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک 5 لاکھ سے زائد نوجوان بورڈ میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جن میں سے 4 لاکھ 22 ہزار سے زائد تربیت مکمل کر چکے ہیں جب کہ مجموعی طور پر تقریباً 41 فیصد تربیت یافتہ افراد روزگار سے منسلک ہو چکے ہیں۔
محمد اسماعیل راہو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ دیہی اور شہری علاقوں کے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھا رہا ہے ۔ تربیت مکمل کرنے والوں کو ملازمتوں سے جوڑنے اور انہیں صنعتی شعبے سے منسلک کرنے کے لیے تیز اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا، صوبے میں بے روزگاری کم کرنا اور صنعتوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے تاکہ نوجوان معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔