پراسیکیوشن اور پولیس افسروں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا آغاز
مضبوط اور معیاری شہادتیں ہی کامیاب پراسیکیوشن کی بنیاد :ذوالفقار خان ناصر پروگرام کا مقصد پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ:ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر فاروق احسن
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سی پی ڈی کے اشتراک سے پراسیکیوٹرز اور پولیس کے تفتیشی افسروں کیلئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی روز قتل کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، شہادتوں کے سائنسی و قانونی تقاضوں کے مطابق حصول اور مضبوط پیروی سے متعلق جامع اور بامقصد سیشنز منعقد کیے گئے ۔سیکرٹری محکمہ پراسیکیوشن پنجاب سید فرہاد علی شاہ اور ڈائریکٹر سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ نے آن لائن لنک کے ذریعے شرکت کی اور اپنے خطاب میں قانون کی بالادستی، شفاف تفتیش اور مؤثر پراسیکیوشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجداری نظامِ انصاف کی مضبوطی کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ناگزیر ہیں۔ریٹائرڈ سیشن جج ذوالفقار خان ناصر نے اپنے لیکچر میں کہا کہ مضبوط اور معیاری شہادتیں ہی کامیاب پراسیکیوشن کی بنیاد ہیں،۔
جس کے لیے پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان بروقت اور مؤثر رابطہ ضروری ہے ۔ انہوں نے عدلیہ، پولیس، پراسیکیوٹرز اور وکلاء کے مابین مربوط اور دیانتدارانہ کاوشوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون ہی مظلوم کو بروقت انصاف اور مجرم کو قرار واقعی سزا دلانے کی ضمانت ہے ۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر فیصل آباد محمد فاروق احسن نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا مقصد پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تفتیشی معیار کی بہتری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ فوجداری مقدمات کی پیروی کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے ۔اختتام پر شرکاء کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں مختلف قانونی اور عملی امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔