ہرمل پورہ :دو گروپوں میں فائرنگ،ایک شخص جاں بحق
شبیر چدھڑ چل بسا، مسلح ملزم کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے فرار ہو گئے
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تھانہ کوتوالی کے علاقہ ہرمل پورہ کے قریب دو گروپوں میں فائرنگ،پولیس موقع پر پہنچ گئی۔نامعلوم مسلح ملزم کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے فرار ہو گئے ۔ جائے وقوعہ سے ایک مسلح ملزم فائرنگ سے زخمی اور بے ہوش حالت میں پایا گیا۔ ڈی ایس پی سی آئی اے اور ایس ایچ او تھانہ کوتوالی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے ۔ زخمی ملزم کی شناخت شبیر چدھڑ کے نام سے ہوئی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم ڈکیتی، رابری، چوری اور نقب زنی سمیت 15 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ جبکہ ڈکیتی اور نقب زنی کے دو مقدمات میں اشتہاری مجرم بھی تھا۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے نواحی علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ڈی پی او ساجد حسین نے بروقت کارروائی پر پولیس ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔