ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار بڑھائی جائے :ایم ڈی واسا
شہر بھر میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے ترقیاتی سکیمیں جاری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی اقدامات ہر صورت میں مکمل ہونے چاہئیں۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جسکے تحت شہر بھر میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے متعدد ترقیاتی سکیمیں جاری ہیں۔
جھنگ روڈ سے ملحقہ علاقوں کو سیوریج مسائل میں مکمل ریلیف دینے کیلئے جھنگ روڈ کی مین سکیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تاکہ اس کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اور ان ترقیاتی سکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو کارڈن آف کیا جائے اور وہاں پر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی غفلت اور لاپرواہی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی ۔