مٹھائی میں مضر صحت کیمیکل استعمال کے تشویشناک انکشافات
صفائی کے انتظامات غیر تسلی بخش ،فوڈ اتھارٹی سے کارروائی کر نے کا مطالبہ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر اور گرد و نواح میں مٹھائی کی تیاری میں مضر صحت کیمیکل کے استعمال کے تشویشناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض مٹھائی بنانے والے کم لاگت میں زیادہ منافع کمانے کے لیے خالص اشیا کی بجائے کیمیکل ملا کر مٹھائی تیار کرتے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔عید الفطر کی آمد کے پیش نظر چھوٹے کارخانوں میں بڑی مقدار میں مٹھائی تیار کی جا رہی ہے اور شہر کی مختلف دکانوں تک سپلائی کی جا رہی ہے ، جبکہ صفائی کے انتظامات تسلی بخش نہیں ہیں۔ شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹھائی بنانے والی فیکٹریوں اور دکانوں پر فوری چھاپے مارے جائیں اور مضر صحت مٹھائی تیار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔