ڈپٹی کمشنر جھنگ کا رمضان بازار کا دورہ، نرخوں کی نگرانی پر زور
معیار پر ہر صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف ملے :علی اکبر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے نگہبان رمضان بازار سیٹلائٹ ٹاؤن جھنگ کا دورہ کیا اور بازار میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخوں پر دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے آٹا، سبزی، فروٹ اور دیگر اشیائے ضروریہ کے سٹالز کا جائزہ لیا اور نرخ چیک کیے ۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے بھی بات چیت کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام اشیائے ضروریہ حکومت کی مقررہ نرخوں کے مطابق فراہم کیے جائیں اور معیار پر ہر صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔ انہوں نے رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار، صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس پر مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔