چنیوٹ:گرانفروشوں کو ایک ماہ میں 40 لاکھ سے زائد جرمانے
259 دکانیں سیل، 64 افراد گرفتار، مقدمات درج کئے گئے :ڈپٹی کمشنرریلیف کیلئے مانیٹرنگ جاری،گرانفروشی ہر گز قبول نہیں :عائشہ رضوان
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے کہا ہے کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ، ایک ماہ کے دوران 40 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے گئے ۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیائے خور ونوش کے ریٹس اور ریٹ لسٹیں آویزاں کئے جانے کو چیک کر رہے ہیں۔ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے ، گرفتاری کے ساتھ مقدمات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ نے گفتگو میں مزید کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران گرانفروشی پر259 دکانیں سیل کی گئیں اور 64 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انسپکشن اور مانیٹرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔