ٹو بہ ٹیک سنگھ:ڈی سی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،گزرنا محال
روزانہ سرکاری افسروں کی آ مدو رفت کے با وجود ابتر حالت لمحہ فکریہ :شہری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محلہ مصطفی آباد میں ڈی سی روڈعرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں، راہگیروں اور بالخصوص طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور گہرے کھڈے بن چکے ہیں جبکہ سیوریج کا گندا پانی کھڑا رہنا معمول بن چکا ہے ،خراب حالت کے باعث پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے اور موٹر سائیکل و دیگر گاڑیوں کا گزرنا کسی خطرے سے کم نہیں، بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور یہ سڑک مکمل طور پر نوگو ایریا کا منظر پیش کرنے لگتی ہے ،اہم بات یہ ہے کہ اس سڑک کے اطراف میں متعدد نجی سکولز اور اکیڈمیز قائم ہیں۔
جہاں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ روزانہ اسی سڑک سے گزرنے پر مجبور ہیں، طلبہ، اساتذہ اور والدین کو روزانہ کی بنیاد پر گندے پانی، کیچڑ اور ٹوٹ پھوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی سی روڈ چونکہ ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے ساتھ واقع ہے اور اس سے روزانہ سرکاری افسران کی بھی آمد و رفت رہتی ہے ، اس کے باوجود اس کی ابتر حالت لمحہ فکریہ ہے ، مقامی افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارہا نشاندہی کے باوجود تاحال سڑک کی مرمت یا بحالی کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ،اہل علاقہ، تاجر برادری اور طلبہ کے والدین نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ڈی سی روڈ کی فوری تعمیر و مرمت کو یقینی بنایا جائے ۔