کمشنر کی تبدیلی کے بعد ترقیاتی منصوبوں میں تعطل
نو تعینات کمشنر مسرت جبیں سابقہ منصوبوں سے لاعلم ، کئی عوامی فلاح کے منصوبے ادھورے چھوڑ دئیے گئے ،رابطہ کرنے کے باوجود موقف نہیں دیا گیا
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کے تبادلے کے بعد وزیر اعلی ٰپنجاب کے احکامات نظر انداز،،عوامی فلاح کے منصوبے ادھورے چھوڑ دئیے گئے ،نو تعینات کمشنر مسرت جبیں سابق کمشنر کے منصوبوں سے لاعلم،یکم جنوری 2026 کو ہونے والے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوسکا ۔سابق کمشنر راجہ جہانگیر انور کی جانب سے یکم جنوری 2026 کو ہونے والے اجلاس میں ڈویژنل انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ شہر کی 6 اہم علاقوں کی سڑکیں ڈی گراؤنڈ،ستیانہ روڈ،سوساں روڈ،سرگودھا روڈ، شیخوپورہ روڈ اور جڑانوالہ روڈ کو سو فیصد ریڑھی فری روڈ بنایا جائے گا جس کے لیے انفورسمنٹ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اورمیونسپل کارپوریشن کے موٹر بائیکرز،ٹریفک پولیس اور پیرا فورس کو مشترکہ مانیٹرنگ اور ایکشن کی تاکید کی گئی انہوں نے کہا کہ شاہرات پر موٹر سائیکل ریڑھی بانوں کو تھانوں میں بند کیا جائے گا ان شاہرات پر ماڈل ریڑھی بازاروں کے علاوہ کوئی ریڑھی کی گنجائش نہیں ہوگی سابق کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کی40 روڈز پر سٹریٹ لائٹس،پیچ ورک،کروو سٹونز پینٹ،لین مارکنگ کے جاری کاموں میں تیزی لائی جائے گی کمشنر آفس کے 4 مانیٹرنگ افسر اپنے متعلقہ ٹاؤنز میں میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر کے ہر پارک میں ویسٹ بن موجود ہوں گی اور روزانہ صفائی یقینی بنائی جائے گی لیکن کمشنر جہانگیر انور کے تبادلے کے بعد کوئی کام مکمل نہ ہوسکا اور نئی کمشنر مسرت جبیں اس معاملے سے ہی لاعلم ہیں موقف کے لیے ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔