ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا ڈی پی او کے ہمراہ جلوس روٹس کا دورہ
مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور محرم میں فول پروف سکیورٹی کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور طبی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، ایم ایس ڈاکٹر شوکت احمد، ہسپتال انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، فلٹر کلینک اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے علاج معالجے ، ادویات کی فراہمی اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی بعض مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔سی او ہیلتھ اور ایم ایس نے انہیں ہسپتال کے انتظامی و طبی امور، مریضوں کی تعداد، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی اور فلٹر کلینک میں بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے گرمی کی شدت کے پیش نظر تمام وارڈز میں ایئرکنڈیشنرز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے اور کہا کہ مریضوں کے آرام اور صحت کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں چنیوٹ شہر سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔