ادارہ امراض قلب لاکھوں افراد کیلئے امید کی علامت،مرادشاہ
ماڈل کو ملیر تک وسعت دے رہے ،ہنگامی طبی سہولتیں میسر ہونگی، وزیراعلیٰاین آئی سی وی ڈی،ایچ ایس ایم ایچ ملیر کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) اور حسن سلیمان میموریل اسپتال (ایچ ایس ایم ایچ) ملیر کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی، جس کا مقصد ملیر اور گرد و نواح کے علاقوں کے رہائشیوں کے لیے امراض قلب کی جامع خدمات کی فراہمی ہے ۔ اس شراکت داری کے تحت حسن سلیمان میموریل اسپتال ہنگامی امراض قلب کی جانچ، مریضوں کو مستحکم کرنے اور بعد از علاج نگہداشت کی خدمات فراہم کرے گا، جبکہ انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور دل کے آپریشن جیسے جدید علاج کے محتاج مریضوں کو ایک مخصوص ریفرل نظام کے ذریعے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائے گا۔ اس تعاون میں ٹیلی کارڈیالوجی سپورٹ، ماہرین کی مشاورت اور طبی و نیم طبی عملے کی استعداد کار میں اضافہ بھی شامل ہے ۔دستخطی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سیکریٹری وزیراعلیٰ آصف جمیل، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی اسد بلال اعوان، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود، پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق رفیع ودیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت معیاری طبی سہولتوں تک رسائی کو وسعت دینے اور جان بچانے والے امراض قلب کے علاج کو عوام کے گھروں کے قریب پہنچانے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا این آئی سی وی ڈی مفت اور عالمی معیار کے امراض قلب کے علاج کی فراہمی کے ذریعے لاکھوں افراد کے لیے امید کی علامت بن چکا ہے ۔ اس تعاون کے ذریعے ہم اس ماڈل کو ملیر تک وسعت دے رہے ہیں، جہاں مریضوں کو بروقت امراضِ قلب کی جانچ اور ہنگامی طبی سہولیات میسر ہوں گی، جس کے بعد انہیں این آئی سی وی ڈی کے جدید علاج کے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا، یہ شراکت داری ہنگامی ردعمل کے نظام کو مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے محکمہ صحت اور این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ معاہدے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اس معاہدے کو ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے سندھ میں صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت کی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے۔
علاج میں تاخیر کم کرنے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے والی جدید شراکت داریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔اس موقع پر صدر حسن سلیمان فاؤنڈیشن ڈاکٹر جاوید سلیمان نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی کی تاریخی ایمپریس مارکیٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش کا افتتاح کرتے ہوئے اس منصوبے کو شہر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور شہریوں، تاجروں اور سیاحوں کے لیے جدید عوامی سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے ۔ افتتاحی تقریب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، اراکین سندھ اسمبلی سعدیہ جاوید، معاون خصوصی عثمان ہنگورو، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایمپریس مارکیٹ طارق مغل، سینئر حکام، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔