10 کلو آٹا کا تھیلا مزید 50 روپے مہنگا کردیا گیا
فلور ملز مالکان، ڈیلرز اور مڈل مین کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ،نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی 10 کلو آٹے کا تھیلا 1150 سے 1170 روپے تک فروخت کیا جا رہا ،مہنگے داموں آٹا خریدنے کے باوجود سرکاری نرخ پر فروخت نہیں کر سکتے ، دکاندار
سرگودھا(نعیم فیصل ) سرگودھا اور گردونواح میں فلور ملز مالکان، ڈیلرز اور مڈل مین کے مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں عام صارفین شدید پریشانی اور مالی دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مزید 50 روپے اضافہ کر دیا گیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے ،ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرگودھا، سلانوالی، شاہ پور، بھلوال اور دیگر علاقوں میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت تاحال 905 روپے مقرر ہے ، تاہم مارکیٹ میں اس نرخ پر آٹے کی دستیابی تقریباً ناپید ہو چکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کے باضابطہ اعلان سے قبل ہی فلور ملز مالکان اور بعض ڈیلرز نے مبینہ طور پر باہمی مشاورت سے 10 اور 15 کلو آٹے کے تھیلوں کی قیمتوں میں اضافہ شروع کر رکھا ہے ،مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ روز قبل بھی فلور ملز مالکان نے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تقریباً 100 روپے اضافہ کیا تھا، جبکہ اب مزید 50 روپے بڑھا دیے گئے ہیں۔ اس طرح 10 کلو آٹے کا تھیلا مختلف علاقوں میں 1150 سے 1170 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ، جو سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ ہے ،دوسری جانب متعدد چھوٹے دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ مہنگے داموں آٹا خریدنے کے باوجود سرکاری نرخ پر فروخت نہیں کر سکتے ۔ ان کے مطابق اگر وہ زیادہ قیمت وصول کریں تو انتظامیہ کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔