اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے :علماء و مشائخ

اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے :علماء و مشائخ

ایسی باتوں سے اجتناب کیا جائے جن سے کسی کے جذبات مجروح ہوں:آر پی او

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرہ نے کہا ہے کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے ، جبکہ علماء و ذاکرین کو محرم الحرام کے پروگرامز میں اشتعال انگیز تقاریر سے مکمل گریز کرنا چاہیے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل کی زیر صدارت علماء و مشائخ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اپنے پیروکاروں کو بھی امن و رواداری کی تلقین کی جائے ۔آر پی او نے کہا کہ اسلام کا پیغام ہی امن، بھائی چارہ اور اتحاد ہے ، اس لیے اجتماعات اور بیانات میں ایسی باتوں سے اجتناب کیا جائے جن سے کسی کے جذبات مجروح ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے نہ کسی کے عقیدے کو چھیڑنا چاہیے اور نہ ہی دوسروں کے عقائد پر تنقید کرنی چاہیے ۔اس موقع پر وفد میں عالمی مبلغ صاحبزادہ سید معصوم شاہ، صاحبزادہ سید محمد منصور الحق شاہ، ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی، شیخ الحدیث مفتی انس مدنی، مفتی مظفر اقبال، مولانا غلام اللہ، علامہ عزیز الحسن، صاحبزادہ محمد احمد، پیر محمد صدیق الرحمن، پیر قاری محمد عاشق نعیمی، مولانا محمد تنویر، علامہ رضا امین سیفی، مولانا امتیاز بلوچ، الحاج شوکت علی، علامہ عمر فاروق جامی سمیت دیگر مختلف مکاتب فکر کے علماء شامل تھے ۔وفد نے ضابطہ اخلاق کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور اسلام و پاکستان کے خلاف سازشوں کو قومی اتحاد کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں